اسلام کیا ہے؟
یعنی
اُصولِ اسلام کی حقیقت بطور سوال و جواب
از
محمد منظور الہٰی
Farishte
Islam kya Hai?
by Muhammad Manzur Ilahi
فرشتے
سوال۔ فرشتے کیا ہیں؟
جواب۔ فرشتے پاک ہستیاں ہیں جو ہمیں نظر تو نہیں آتیں لیکن اُن کے افعال کے ذریعہ سے ہمیں ان کا علم ہوتا ہے۔ جس طرح انسان ہوا کو دیکھ تو نہیں سکتا لیکن دوسری اشیاء کے حرکت کرنے سے اُسے علم ملتا ہے کہ ہوا کا وجود ہے۔
سوال۔ فرشتوں کا کیا فائدہ ہے؟
جواب۔ جس طرح جسمانی رنگ میں انسان خلا میں ہوا کی موجودگی کے بغیر نہ تو سُن سکتا ہے اور نہ دیکھ سکتا ہے یعنی بغیر ہوا کی وساطت کے اس کی خداداد طاقتیں کوئی کام نہیں کر سکتیں۔ اسی طرح ملائکہ یا فرشتے بھی اللہ تعالیٰ اور انسان کے درمیان روحانی وسائط ہیں، جو انسان کو نیکی کی تحریکات کرتے رہتے ہیں۔اور جس طرح ہمارے جسمانی قوےٰ بلا موجودگی درمیانی وسائط کے کام نہیں دے سکتے اسی طرح ہمارے روحانی قوےٰ بلا موجودگی درمیانی وسائط کے کسی کام کے نہیں۔
سوال ۔ روحانی قوےٰ کے ان درمیانی وسائط کا کیا نام ہے؟
جواب ۔نیکی کی تحریک کرنے والے وسائط کا نام فرشتے ہیں اور بدی کے محرکوں کو شیطان کہا جاتا ہے۔
سوال۔ کیا فرشتے ایک طاقت کا نام نہیں؟
جواب۔ ہرگز نہیں۔ اگر فرشتے طاقتیں ہیں تو اس کے معنے یہ ہوئے کہ وحیِ الہٰی انسان کے اندر سے ہی ایک آواز کے پیدا ہونے کا نام ہوا، اور کوئی خارجی شے نہیں۔ حالانکہ قرآن مجید میں جہاں اللہ تعالیٰ کے انسان کے ساتھ کلام کرنے کا ذکر ہے وہاں کلام کرنے کی تین صورتیں علیٰحدہ علیٰحدہ بیان کر دی ہیں یعنی: (۱) دل میں ایک بات ڈالنا ، (۲) پردے کے پیچھے سے اور (۳) رسول بھیج کر یعنی بذریعہ جبرائیلؑ۔
سوال۔ فرشتوں پر ایمان لانا کیوں ضروری ہے؟
جواب۔ اس لیے کہ جو تحریک نیکی کی فرشتے کے ذریعہ سے انسان کے اندر پیدا ہو اس پر فوراً عمل کرے۔