اسلام کیا ہے؟
یعنی
اُصولِ اسلام کی حقیقت بطور سوال و جواب

از
محمد منظور الہٰی

Usul-e-Islam

Islam kya Hai?

by Muhammad Manzur Ilahi

اصولِ اسلام

سوال۔  اسلام کے بنیادی اصول کون سے ہیں؟

جواب۔  اسلام کے بنیادی اصول اللہ تعالی نے یہ بیان فرمائیں  ہیں:

الَّذِیۡنَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِالۡغَیۡبِ وَ یُقِیۡمُوۡنَ الصَّلٰوۃَ وَ  مِمَّا رَزَقۡنٰہُمۡ  یُنۡفِقُوۡنَ ۔ وَ الَّذِیۡنَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِمَاۤ  اُنۡزِلَ اِلَیۡکَ وَ مَاۤ اُنۡزِلَ مِنۡ قَبۡلِکَ ۚ وَ بِالۡاٰخِرَۃِ ہُمۡ یُوۡقِنُوۡنَ (البقرہ 2 :3-4)

ترجمہ: یعنی وہ لوگ جو غیب (اللہ تعالیٰ اور فرشتوں)  پر ایمان لاتے ہیں  اور نماز قائم کرتے ہیں  اور اس چیز سے  جو ہم نے اُن کو دیا (اللہ کی راہ) میں خرچ کرتے ہیں۔ اور وہ لوگ جو اس پر ایمان لاتے ہیں جو تیری طرف نازل کیا گیا اور جو تجھ سے پہلے نازل کیا گیا  اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔

یعنی اللہ،ملائک، کتب الہٰی ، رسل الہیٰ،  یومِ آخرت  پر ایمان اور اور عبادتِ الہٰی بجا لانا  اور مخلوقِ خدا  کی بہتری کے لیے اپنا مال، اپنا وقت اور  اپنی طاقت خرچ کرنا۔

سوال۔ اسلام میں ایمان کی حقیقت کیا ہے؟

جواب۔ اسلام میں ایمان کی حقیقت یہ نہیں کہ ایک سچائی کو صرف منہ سے مان ہی لیا جائے، بلکہ اس مسلمہ سچائی کو اعمال کی بنیاد قرار دیا جائے۔

سوال۔ کیا ان اصولوں کا صرف مان لینا کافی ہے؟

جواب۔ نہیں، بلکہ اسلام میں اصولِ صحیحہ کا مان لینا ایک صحیح سلامت بیج کی طرح ہے اور جب تک وہ بیج اعمالِ صالحہ کی زمین سے غذا حاصل نہ کرے وہ بڑھ کر عمدہ پھل نہیں دے سکتا۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے بار بار  فرمایا ہے:

اَلَّذِیۡنَ  اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ (الرعد 13 : 29)

ترجمہ:  وہ لوگ جو ایمان لاتے ہیں اور نیک عمل کرتے ہیں ۔

ایمان کے ساتھ نیک عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔

سوال۔ ان میں سے اعتقادی اصول کون سے ہیں؟

جواب ۔ اوّل، غیب یعنی اللہ تعالیٰ اور فرشتوں پر ایمان۔ دوم، الہامِ الہٰی پر ایمان ۔سوم، آخرت پر ایمان۔

سوال۔ ان میں سے عملی اصول کون سے ہیں؟

جواب۔ اوّل، صلوٰۃ یعنی اللہ تعالیٰ کے حقوق ۔ دوم، اپنے مالوں کو مخلوقِ خدا کی بھلائی کے لیے خرچ کرنا یعنی طاعت لامر اللہ و شفقت علیٰ خلق اللہ (اللہ تعالیٰ کے احکام کی  اطاعت اور اللہ کی مخلوق سے شفقت)-

Top