قرآنِ کریم (قرآن مجید) کا اردو ترجمہ بمعہ عربی متن

از مولانا محمد علی

Urdu Translation of the Holy Quran

by Maulana Muhammad Ali

Surah 48: Al-Fath (Revealed at Madinah: 4 sections, 29 verses)

(48) سُوۡرَۃُ الۡفَتۡحِ مَدَنِیَّۃٌ

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

اللہ بے انتہا رحم والے ، بار بار رحم کرنے والےکے نام سے

رکوع 1

اِنَّا فَتَحۡنَا لَکَ فَتۡحًا مُّبِیۡنًا ۙ﴿۱﴾

۱۔ ہم نے تیرے لیے ایک کھلی فتح (کی راہ) کھول دی ہے۔

لِّیَغۡفِرَ  لَکَ اللّٰہُ  مَا تَقَدَّمَ مِنۡ ذَنۡۢبِکَ وَ مَا تَاَخَّرَ وَ یُتِمَّ نِعۡمَتَہٗ  عَلَیۡکَ وَ یَہۡدِیَکَ صِرَاطًا مُّسۡتَقِیۡمًا ۙ﴿۲﴾

۲۔ تاکہ اللہ اُن قصوروں سے تیری حفاظت کرے جو تیرے ذمےّ پہلے لگائے گئے اور جو پیچھے لگائے جائیں گے اور اپنی نعمت کو تجھ پر تمام کرے اور تجھے سیدھے رستے پر چلائے۔

وَّ  یَنۡصُرَکَ اللّٰہُ  نَصۡرًا عَزِیۡزًا ﴿۳﴾

۳۔ اور اللہ تجھے زبردست نصرت سے مدد دے۔

ہُوَ الَّذِیۡۤ  اَنۡزَلَ السَّکِیۡنَۃَ  فِیۡ  قُلُوۡبِ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ  لِیَزۡدَادُوۡۤا  اِیۡمَانًا مَّعَ اِیۡمَانِہِمۡ ؕ وَ لِلّٰہِ  جُنُوۡدُ  السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ وَ  کَانَ اللّٰہُ  عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا ۙ﴿۴﴾

۴۔ وہی ہے جس نے مومنوں کے دلوں میں تسکین نازل کی، تاکہ وہ اپنے ایمان کے ساتھ ایمان میں ترقی کریں،  اور اللہ کے لیے ہی آسمانوں اور زمین کے لشکر ہیں اور اللہ (تعالیٰ) علم والا حکمت والا ہے۔

لِّیُدۡخِلَ  الۡمُؤۡمِنِیۡنَ وَ الۡمُؤۡمِنٰتِ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ  مِنۡ تَحۡتِہَا  الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا وَ یُکَفِّرَ عَنۡہُمۡ سَیِّاٰتِہِمۡ ؕ وَ کَانَ ذٰلِکَ عِنۡدَ اللّٰہِ  فَوۡزًا عَظِیۡمًا ۙ﴿۵﴾

۵۔ تاکہ مومن مَردوں اور مومن عورتوں کو باغوں میں داخل کرے جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، انہی میں رہیں گے اور ان سے ان کی بُرائیاں دُور کرے اور یہ اللہ کے نزدیک بڑی بھاری کامیابی ہے۔

وَّ یُعَذِّبَ الۡمُنٰفِقِیۡنَ وَ الۡمُنٰفِقٰتِ وَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ وَ الۡمُشۡرِکٰتِ الظَّآنِّیۡنَ بِاللّٰہِ  ظَنَّ السَّوۡءِ ؕ عَلَیۡہِمۡ  دَآئِرَۃُ السَّوۡءِ ۚ وَ غَضِبَ اللّٰہُ  عَلَیۡہِمۡ  وَ  لَعَنَہُمۡ وَ اَعَدَّ لَہُمۡ جَہَنَّمَ ؕ وَ سَآءَتۡ مَصِیۡرًا ﴿۶﴾

۶۔ اور منافق مردوں اور منافق عورتوں کو اور مشرک مردوں اور مشرک عورتوں کو اللہ کے حق میں بُرے خیال رکھنے والوں کو سزا دے، اِنہی پر بُری گردش ہے اور اللہ کا غضب اُن پر آیا،  اور ان پر لعنت کی اور ان کے لیے دوزخ تیار کیا اور وہ بُری جگہ ہے۔

وَ لِلّٰہِ جُنُوۡدُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ  عَزِیۡزًا  حَکِیۡمًا ﴿۷﴾

۷۔ اور اللہ کے لیے ہی آسمانوں اور زمین کے لشکر ہیں اور اللہ غالب حکمت والا ہے۔

اِنَّاۤ  اَرۡسَلۡنٰکَ شَاہِدًا وَّ مُبَشِّرًا وَّ نَذِیۡرًا  ۙ﴿۸﴾

۸۔ ہم نے تجھے گواہ اور خوش خبری دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا ہے۔

لِّتُؤۡمِنُوۡا بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ  وَ تُعَزِّرُوۡہُ وَ تُوَقِّرُوۡہُ ؕ وَ تُسَبِّحُوۡہُ  بُکۡرَۃً  وَّ اَصِیۡلًا ﴿۹﴾

۹۔ تاکہ تم اللہ اور اس کے رسولؐ  پر ایمان لاؤ اور اس کی مدد کرو،  اور اس کا ادب کرو اور صبح اور شام اس کی تسبیح کرو۔

اِنَّ  الَّذِیۡنَ یُبَایِعُوۡنَکَ  اِنَّمَا یُبَایِعُوۡنَ اللّٰہَ ؕ یَدُ اللّٰہِ  فَوۡقَ  اَیۡدِیۡہِمۡ ۚ فَمَنۡ  نَّکَثَ فَاِنَّمَا یَنۡکُثُ عَلٰی نَفۡسِہٖ ۚ وَ مَنۡ  اَوۡفٰی بِمَا عٰہَدَ عَلَیۡہُ اللّٰہَ  فَسَیُؤۡتِیۡہِ  اَجۡرًا عَظِیۡمًا ﴿٪۱۰﴾

۱۰۔ وہ لوگ جو تجھ سے بیعت کرتے ہیں،  وہ اللہ سے ہی بیعت کرتے ہیں۔ اللہ کا ہاتھ اُن کے ہاتھوں کےا وپر ہے۔ پس جو کوئی (یہ بیعت) توڑتا ہے وہ اپنی جان کے نقصان کے لیے ہی توڑتا ہے اور جو اسے پورا کرتا ہے جس پر اس نے اللہ سے عہد کیا ہے تو وہ اسے بڑا اجر دے گا۔

رکوع 2

سَیَقُوۡلُ  لَکَ الۡمُخَلَّفُوۡنَ مِنَ الۡاَعۡرَابِ شَغَلَتۡنَاۤ  اَمۡوَالُنَا وَ اَہۡلُوۡنَا فَاسۡتَغۡفِرۡ لَنَا ۚ یَقُوۡلُوۡنَ  بِاَلۡسِنَتِہِمۡ مَّا لَیۡسَ فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ ؕ قُلۡ فَمَنۡ یَّمۡلِکُ لَکُمۡ مِّنَ اللّٰہِ  شَیۡئًا  اِنۡ  اَرَادَ بِکُمۡ  ضَرًّا  اَوۡ  اَرَادَ  بِکُمۡ نَفۡعًا ؕ بَلۡ کَانَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرًا ﴿۱۱﴾

۱۱۔ دیہاتیوں میں سے پیچھے رہے ہوئے لوگ تجھ سے کہیں گے ہمیں ہمارے مالوں اور ہمارے گھر والوں نے مشغول رکھا سو ہمارے لیے بخشش مانگ۔ اپنی زبانوں سے وہ بات کہتے ہیں جو اُن کے دلوں میں نہیں ہے۔ کہہ، تو کون تمہارے لیے اللہ کے مقابل میں کسی چیز کا اختیار رکھتا ہے اگر وہ تمہیں نقصان پہنچانے کا ارادہ کرے یا تمہیں نفع پہنچانے کا ارادہ کرے بلکہ اللہ اس سے جو تم کرتے ہو خبردار ہے۔

بَلۡ ظَنَنۡتُمۡ  اَنۡ  لَّنۡ یَّنۡقَلِبَ الرَّسُوۡلُ وَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ  اِلٰۤی  اَہۡلِیۡہِمۡ  اَبَدًا وَّ  زُیِّنَ ذٰلِکَ فِیۡ  قُلُوۡبِکُمۡ  وَ ظَنَنۡتُمۡ ظَنَّ السَّوۡءِ ۚۖ  وَ کُنۡتُمۡ  قَوۡمًۢا بُوۡرًا ﴿۱۲﴾

۱۲۔ بلکہ تم نے خیال کیا تھا کہ رسولؐ  اور مومن اپنے گھر والوں کی طرف کبھی بھی لوٹ کر نہیں آئیں گے اور یہ تمہارے دلوں کو اچّھا معلوم ہُوا اور تم بُرا خیال دل میں لائے۔ اور تم ہلاک شدہ قوم تھے۔

وَ مَنۡ لَّمۡ یُؤۡمِنۡۢ  بِاللّٰہِ  وَ رَسُوۡلِہٖ  فَاِنَّاۤ اَعۡتَدۡنَا  لِلۡکٰفِرِیۡنَ سَعِیۡرًا ﴿۱۳﴾

۱۳۔ اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسولؐ  پر ایمان نہیں لاتا، تو ہم نے کافروں کے لیے بھڑکائی ہوئی آگ تیار کر رکھی ہے۔

وَ لِلّٰہِ  مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ یَغۡفِرُ  لِمَنۡ یَّشَآءُ  وَ یُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ کَانَ  اللّٰہُ  غَفُوۡرًا  رَّحِیۡمًا ﴿۱۴﴾

۱۴۔ اور اللہ کے لیے ہی آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے وہ جسے چاہتا ہے بخشتا ہے  اور جسے چاہتا ہے عذاب دیتا ہے اللہ بخشنے والا رحم کرنے والا ہے۔

سَیَقُوۡلُ الۡمُخَلَّفُوۡنَ  اِذَا انۡطَلَقۡتُمۡ  اِلٰی مَغَانِمَ  لِتَاۡخُذُوۡہَا ذَرُوۡنَا نَتَّبِعۡکُمۡ ۚ یُرِیۡدُوۡنَ  اَنۡ یُّبَدِّلُوۡا کَلٰمَ  اللّٰہِ ؕ قُلۡ  لَّنۡ تَتَّبِعُوۡنَا کَذٰلِکُمۡ  قَالَ اللّٰہُ مِنۡ قَبۡلُ ۚ فَسَیَقُوۡلُوۡنَ بَلۡ تَحۡسُدُوۡنَنَا ؕ بَلۡ  کَانُوۡا  لَا یَفۡقَہُوۡنَ  اِلَّا  قَلِیۡلًا ﴿۱۵﴾

۱۵۔ جب تم غنیمت کے حاصل کرنے کے لیے جاؤ گے تو پیچھے رہے ہوئے لوگ کہیں گے ہمیں اپنے ساتھ جانے دو۔ وہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے کلام کو بدل دیں۔ کہہ، تم ہمارے ساتھ نہیں چلو گے۔ اسی طرح اللہ (تعالیٰ) نے پہلے سے فرمادیا ہے، تو کہیں گے بلکہ تم ہم پر حسد کرتے ہو بلکہ یہ خود بہت ہی کم سمجھتے ہیں۔

قُلۡ  لِّلۡمُخَلَّفِیۡنَ مِنَ  الۡاَعۡرَابِ سَتُدۡعَوۡنَ  اِلٰی  قَوۡمٍ اُولِیۡ  بَاۡسٍ شَدِیۡدٍ تُقَاتِلُوۡنَہُمۡ  اَوۡ یُسۡلِمُوۡنَ ۚ فَاِنۡ تُطِیۡعُوۡا یُؤۡتِکُمُ اللّٰہُ  اَجۡرًا حَسَنًا ۚ وَ اِنۡ تَتَوَلَّوۡا کَمَا تَوَلَّیۡتُمۡ مِّنۡ قَبۡلُ یُعَذِّبۡکُمۡ  عَذَابًا  اَلِیۡمًا ﴿۱۶﴾

۱۶۔ پیچھے رہے ہوئے دیہاتیوں سے کہہ دے کہ تم ایک سخت جنگ کرنے والی قوم کی طرف بلائے جاؤ گے، ان کےساتھ جنگ کرو گے یہاں تک کہ وہ فرمانبردار ہوجائیں۔ پس اگر تم اطاعت کرو گے تو اللہ تمہیں اچھا بدلہ دے گا، اور اگر تم پھر جاؤ گے،  جس طرح تم سے پہلے پھر گئے، تو تمہیں دردناک عذاب میں مبتلا کرے گا۔

لَیۡسَ عَلَی الۡاَعۡمٰی حَرَجٌ  وَّ لَا عَلَی الۡاَعۡرَجِ  حَرَجٌ وَّ لَا عَلَی الۡمَرِیۡضِ حَرَجٌ ؕ وَ مَنۡ یُّطِعِ  اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ یُدۡخِلۡہُ  جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ  مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ ۚ وَ مَنۡ یَّتَوَلَّ یُعَذِّبۡہُ  عَذَابًا اَلِیۡمًا ﴿٪۱۷﴾

۱۷۔ اندھے پر کوئی تنگی نہیں اور نہ لنگڑے پر تنگی ہے اور نہ بیمار پر تنگی ہے۔ اور جو شخص اللہ (تعالیٰ) اور اس کے رسولؐ  کی اطاعت کرتا ہے اُسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں،  اور جو کوئی پھر جائے اسے دردناک عذاب میں مبتلا کرے گا۔

رکوع 3

لَقَدۡ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنِ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ  اِذۡ یُبَایِعُوۡنَکَ تَحۡتَ الشَّجَرَۃِ  فَعَلِمَ  مَا فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ  فَاَنۡزَلَ السَّکِیۡنَۃَ  عَلَیۡہِمۡ وَ اَثَابَہُمۡ  فَتۡحًا  قَرِیۡبًا ﴿ۙ۱۸﴾

۱۸۔ یقیناً اللہ مومنوں سے راضی ہُوا جب وہ درخت کے نیچے تجھ سے بیعت کررہے تھے،  سو اس نے جان لیا جو کچھ ان کے دلوں میں تھا،  پس ان پر تسکین نازل کی۔  اور انہیں بدلے میں ایک قریب فتح دی۔

وَّ مَغَانِمَ کَثِیۡرَۃً  یَّاۡخُذُوۡنَہَا ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ  عَزِیۡزًا حَکِیۡمًا ﴿۱۹﴾

۱۹۔ اور بہت سے مالِ غنیمت جنہیں وہ لیں گے،  اور اللہ غالب حِکمت والا ہے۔

وَعَدَکُمُ اللّٰہُ  مَغَانِمَ کَثِیۡرَۃً تَاۡخُذُوۡنَہَا  فَعَجَّلَ  لَکُمۡ  ہٰذِہٖ  وَ  کَفَّ اَیۡدِیَ  النَّاسِ عَنۡکُمۡ ۚ وَ  لِتَکُوۡنَ  اٰیَۃً لِّلۡمُؤۡمِنِیۡنَ وَ یَہۡدِیَکُمۡ صِرَاطًا مُّسۡتَقِیۡمًا ﴿ۙ۲۰﴾

۲۰۔ تمہارے ساتھ اللہ نے بہت سی غنیمتوں کا وعدہ کیا ہے جنہیں تم لو گے  پھر یہ تم کو جلدی دلوادی اور لوگوں کے ہاتھ تم سے روک دیئے اور تاکہ مومنوں کے لیے نشان ہو  اور تمہیں سیدھے رستے پر چلائے۔

وَّ اُخۡرٰی لَمۡ  تَقۡدِرُوۡا عَلَیۡہَا قَدۡ  اَحَاطَ اللّٰہُ بِہَا ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ  عَلٰی کُلِّ  شَیۡءٍ  قَدِیۡرًا ﴿۲۱﴾

۲۱۔ اور اَور (فتوحات) بھی ہیں جن پر تمہیں قدرت نہیں تھی اللہ نے ان کا بھی احاطہ کرلیا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔

وَ لَوۡ قٰتَلَکُمُ  الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا لَوَلَّوُا الۡاَدۡبَارَ  ثُمَّ  لَا یَجِدُوۡنَ وَلِیًّا وَّ لَا نَصِیۡرًا ﴿۲۲﴾

۲۲۔ اور اگر وہ جو کافر ہیں تمہارے ساتھ جنگ کرتے تو پیٹھیں پھیر دیتے، پھر وہ نہ کوئی دوست پاتے اور نہ کوئی مددگار۔

سُنَّۃَ  اللّٰہِ  الَّتِیۡ قَدۡ خَلَتۡ مِنۡ قَبۡلُ ۚۖ وَ لَنۡ  تَجِدَ  لِسُنَّۃِ  اللّٰہِ  تَبۡدِیۡلًا ﴿۲۳﴾

۲۳۔ اللہ کا قانون ہے جو پہلے سے چلا آتا ہے،  اور تُو اللہ کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں پائے گا۔

وَ ہُوَ الَّذِیۡ کَفَّ  اَیۡدِیَہُمۡ  عَنۡکُمۡ وَ اَیۡدِیَکُمۡ عَنۡہُمۡ بِبَطۡنِ مَکَّۃَ  مِنۡۢ بَعۡدِ اَنۡ  اَظۡفَرَکُمۡ عَلَیۡہِمۡ ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ  بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرًا ﴿۲۴﴾

۲۴۔ اور وہی ہے جس نے ان کے ہاتھوں کو تم سے اور تمہارے ہاتھوں کو ان سے وادی مکّہ میں روک رکھا بعد اس کے کہ تمہیں ان پر فتح دی او راللہ (تعالیٰ) جو تم کرتے ہو،  اسے دیکھنے والا ہے۔

ہُمُ  الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا وَ صَدُّوۡکُمۡ عَنِ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ  وَ الۡہَدۡیَ مَعۡکُوۡفًا اَنۡ یَّبۡلُغَ مَحِلَّہٗ ؕ وَ لَوۡ لَا رِجَالٌ مُّؤۡمِنُوۡنَ وَ نِسَآءٌ  مُّؤۡمِنٰتٌ لَّمۡ تَعۡلَمُوۡہُمۡ  اَنۡ  تَطَـُٔوۡہُمۡ فَتُصِیۡبَکُمۡ مِّنۡہُمۡ مَّعَرَّۃٌۢ  بِغَیۡرِ عِلۡمٍ ۚ لِیُدۡخِلَ اللّٰہُ فِیۡ رَحۡمَتِہٖ  مَنۡ یَّشَآءُ ۚ لَوۡ تَزَیَّلُوۡا لَعَذَّبۡنَا الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡہُمۡ عَذَابًا اَلِیۡمًا ﴿۲۵﴾

۲۵۔ وہی ہیں جنہوں نے کفر کیا اور تمہیں مسجد حرام سے روک دیا اور قربانی کو بھی جو روکی گئی کہ اپنے ٹھکانے پر  پہنچے۔  اور اگر مومن مرد اور مومن عورتیں نہ ہوتیں جنہیں تم نہیں جانتے،  کہ تم انہیں پامال کردو گے پھر تمہیں  ان کی وجہ سے لاعلمی میں کوئی نقصان پہنچ جائے، تاکہ اللہ (تعالیٰ) جسے چاہے اپنی رحمت میں داخل کرے۔ اگر وہ الگ ہوجاتے تو جو اِن میں سے کافر تھے ہم انہیں دردناک عذاب میں مبتلا کرتے۔

اِذۡ جَعَلَ  الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا فِیۡ  قُلُوۡبِہِمُ الۡحَمِیَّۃَ حَمِیَّۃَ  الۡجَاہِلِیَّۃِ  فَاَنۡزَلَ اللّٰہُ سَکِیۡنَتَہٗ  عَلٰی رَسُوۡلِہٖ وَ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ وَ اَلۡزَمَہُمۡ کَلِمَۃَ  التَّقۡوٰی وَ کَانُوۡۤا  اَحَقَّ بِہَا وَ اَہۡلَہَا ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمًا ﴿٪۲۶﴾

۲۶۔ جب کافروں نے اپنے دلوں میں ضد ٹھان لی (اور) ضد بھی جاہلیت کی، تو اللہ (تعالیٰ) نے اپنے رسولؐ  پر اور مومنوں پر تسکین اتاری اور انہیں تقویٰ کی بات پر جمائے رکھا اور وہ اسی کے زیادہ حق دار اور اسی کے اہل تھے اور اللہ (تعالیٰ) ہر چیز کو جاننےو الا ہے۔

رکوع 4

لَقَدۡ صَدَقَ اللّٰہُ  رَسُوۡلَہُ  الرُّءۡیَا بِالۡحَقِّ ۚ  لَتَدۡخُلُنَّ  الۡمَسۡجِدَ الۡحَرَامَ اِنۡ شَآءَ اللّٰہُ  اٰمِنِیۡنَ ۙ مُحَلِّقِیۡنَ  رُءُوۡسَکُمۡ وَ مُقَصِّرِیۡنَ ۙ لَا  تَخَافُوۡنَ ؕ فَعَلِمَ  مَا لَمۡ تَعۡلَمُوۡا فَجَعَلَ مِنۡ  دُوۡنِ ذٰلِکَ فَتۡحًا قَرِیۡبًا ﴿۲۷﴾

۲۷۔ اللہ نے اپنے رسولؐ کو خواب کو سچ کر دکھایا۔ اگر اللہ (تعالیٰ) نے چاہا تو تم ضرور مسجد حرام میں امن کے ساتھ داخل ہوگے اپنے سر منڈواتے اور بال کٹواتے، کچھ خوف نہ کرو گے۔ سو وہ جانتا ہے جو تم نہیں جانتے، پس اس سے پہلے ایک قریب فتح عطا کی۔

ہُوَ الَّذِیۡۤ  اَرۡسَلَ  رَسُوۡلَہٗ  بِالۡہُدٰۦ وَ دِیۡنِ الۡحَقِّ  لِیُظۡہِرَہٗ  عَلَی الدِّیۡنِ کُلِّہٖ ؕ وَ کَفٰی بِاللّٰہِ  شَہِیۡدًا ﴿ؕ۲۸﴾

۲۸۔ وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچّے دین کےساتھ بھیجا ، تاکہ اسے سب دینوں پر غالب کرے اور اللہ گواہ بس ہے۔

مُحَمَّدٌ  رَّسُوۡلُ اللّٰہِ ؕ وَ الَّذِیۡنَ مَعَہٗۤ اَشِدَّآءُ  عَلَی الۡکُفَّارِ  رُحَمَآءُ  بَیۡنَہُمۡ تَرٰىہُمۡ  رُکَّعًا سُجَّدًا یَّبۡتَغُوۡنَ  فَضۡلًا مِّنَ  اللّٰہِ  وَ رِضۡوَانًا ۫ سِیۡمَاہُمۡ  فِیۡ وُجُوۡہِہِمۡ  مِّنۡ  اَثَرِ السُّجُوۡدِ ؕ ذٰلِکَ مَثَلُہُمۡ  فِی التَّوۡرٰىۃِ ۚۖۛ وَ مَثَلُہُمۡ  فِی الۡاِنۡجِیۡلِ ۚ۟ۛ کَزَرۡعٍ  اَخۡرَجَ  شَطۡـَٔہٗ  فَاٰزَرَہٗ  فَاسۡتَغۡلَظَ فَاسۡتَوٰی عَلٰی سُوۡقِہٖ یُعۡجِبُ الزُّرَّاعَ  لِیَغِیۡظَ بِہِمُ  الۡکُفَّارَ ؕ وَعَدَ اللّٰہُ  الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ مِنۡہُمۡ  مَّغۡفِرَۃً  وَّ اَجۡرًا عَظِیۡمًا ﴿٪۲۹﴾

۲۹۔ محمد (ﷺ) اللہ کا رسول ہے اور جو اس کے ساتھ ہیں کافروں کے مقابلہ میں قوی  آپس میں رحم کرنے والے،  تو انہیں رکوع کرتے ہوئے ، سجدہ کرتے ہوئے دیکھتا ہے وہ اپنے رب کا فضل اور اس کی رضا چاہتے ہیں ان کا نشان اُن کے مونہوں پر سجدوں کے اثر سے (ظاہر) ہے۔یہ ان کی مثال توریت میں ہے  اور ان کی مثال انجیل میں،  کھیتی کی طرح، جس نے اپنی سوئی نکالی پھر اُسے مضبوط کیا، سو وہ موٹی ہوئی،  پھر اپنی نالوں پر سیدھی کھڑی ہوگئی کسانوں کو خوش کرتی ہے،  تاکہ ان کی وجہ سے کافروں کو غضب میں لائے۔ اللہ نے ان  میں سے ان لوگوں سے جو ایمان لاتے ہیں اور اچھے عمل کرتے ہیں حفاظت اور بڑے اجر کا وعدہ کیا ہے۔

Top